ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / عدالت کے عبوری حکم کی اڑ میں بچوں کو ہراساں نہ کریں: ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کا مطالبہ

عدالت کے عبوری حکم کی اڑ میں بچوں کو ہراساں نہ کریں: ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کا مطالبہ

Wed, 16 Feb 2022 11:45:55    S.O. News Service

بنگلورو، 16؍فروری (ایس او نیوز)    ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کےریاستی صدر ایڈوکیٹ طاہر حسین نے  پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حجاب اور زعفرانی شال تنازعات نے ریاست بھر میں طلباء کی تعلیم کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے حجاب اورعدالت کے عبوری فیصلے کے بارے میں  کہا کہ عدالت نے مشاہدہ کیا کہ عبوری اور آخری فیصلہ آنے تک کسی بھی اسکول یا کالج کے طلباء کوتعلیم سے محروم نہ کیا جائے اور کلاس میں حاضر ہونے کی ہدایت دی ، لیکن کلاس روم میں کسی بھی مذہب کے حجاب یا زعفرانی شال یا پھر پرچم کے داخلے پر پابندی عائد کی ہے۔ لیکن اب جوہو رہا ہے وہ عدالت کے فیصلے کے خلاف ہے۔ بیشتر تعلیمی انتظامیہ اسکولوں اور کالجوں میں طلباء کو گیٹ کے باہرہی روک رہے ہیں جس کے بعد کچھ میڈیا طلباء کو ہراساں کر رہا ہے۔یقیناً یہ سب کچھ عدالت کے فیصلے کے مخالف ہے۔ پہلے ہی کورونا سے مناسب تعلیم کے بغیر طلباء مشکلات کا شکار ہیں، اس وقت جو سلوک طلباء کے ساتھ برتاجارہا ہے وہ ان کے زخموں پر  نمک لگانے کا کام کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو عدالت کے عبوری فیصلے کا صحیح مطلب سمجھنا ہوگااور صرف کلاس روم میں ہی مذہبی علامت والے لباس پہننے کی اجازت نہیں دینی چاہئے۔ اسکول اورکالج کیمپس میں پہننے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ اس بات کو سمجھے بغیر ہی طلباء کو گیٹ کے باہر روک دیا جارہاہے۔ تعلیمی اداروں کے انتظامیہ کو عدالت کا اگلافیصلہ آنے تک بچیوں کو گیٹ کے اندر کلاس لینے کی اجازت دینی چاہئے۔

انہوں نے اس بات کا بھی مطالبہ کیا  کہ ضلعی انتظامی عدالتوں کو اس طرح کی خلاف ورزیوں کو روکنے اور بچوں کو ہراسانی سے بچانے کیلئے اقدامات  کرے  اور اسطرح کی بدسلوکی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔امتحانات کے قریب اس طرح کے حالات کا طلباء پر برا اثر نہ پڑے  ویلفیئر پارٹی آف انڈیا  نے اس طرف توجہ دینے پر زور دیا ہے۔


Share: